تاریخ اور ادبثقافتخواتین کا صفحہسماجیطرز زندگی

“برتر ثقافت”

ندا اسحاق

انسانوں کی زندگی میں لفظ ثقافت کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگائیے کہ نیوروسائنسدان کہتے ہیں “آپ کے جذبات تک پر آپ کی ثقافت کا گہرا اثر ہوتا ہے”، ہر ثقافت میں غصہ، نفرت، محبت، غم وغیرہ کے اظہار میں نمایاں فرق پایا جاتا ہے۔ آپ اپنی شناخت (identity) بنانے کے لیے بھی ثقافت کے محتاج ہوتے ہیں۔

آج یوں اچانک میں ثقافت پر بات کیوں کررہی ہوں؟ اسکے پسِ پشت ایک گہری وجہ ہے اور وہ ہے ایک پشتو گانے کی وڈیو جسے دیکھ کر میرے ذہن میں کئی سوال ابھرے اور شاید تھوڑا غصہ بھی آیا، بہت ممکن ہے کہ یہ میری جانبداری ہو لیکن ثقافت اور انسانی رویوں سے منسلک حقیقتوں کو میں نے بھی دیکھا اور تجربہ کیا ہے، کچھ کڑوی حقیقتیں میرے علم میں بھی ہیں، البتہ اگر جانبداری کا عنصر ہوگا بھی تو میری کم علمی کی وجہ سے ہوگا، انا کی وجہ سے نہیں۔ شاید باقی ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی اس آرٹیکل سے خود کو منسلک کرسکیں، یا بہت ممکن ہے کہ یہ صرف پشتونوں پر پورا بیٹھتا ہو، اس کا فیصلہ پڑھنے والے پر منحصر ہوتا ہے یقیناً!!!

ثقافت بیشک بہت اہم ہوتی ہے لیکن یہ کوئی پتھر پر لکیر نہیں، یہ بدلتی رہتی ہے، مختلف ادوار میں مختلف ثقافتوں کا راج ہوتا ہے۔ کچھ دور کسی ایک ثقافت کے حق میں بہتر تو کسی کے حق میں برے ثابت ہوتے ہیں۔ آپ کے اقدار اور رواج اگر ایک جگہ آپ کو فائدہ دیں تو دوسری جگہ ان کی کوئی عملی اہمیت نہ ہونا آپ کو نقصان دیتا ہے۔

اس وقت سب سے اہم، طاقتور اور برتر ثقافت کا نام ہے “معیشت”، اسی ملک کی ثقافت، اسی کے فن کا بول بالا ہے جس کی معیشیت مضبوط ہوتی ہے، امریکہ، کوریا، انڈیا، وغیرہ اسکی بہترین مثال ہے۔ سوات کے پہاڑوں میں رہ رہی پشتوں پڑھی لکھی لڑکیاں پشتون کلچر کو نہیں بلکہ کے-پاپ (k-pop) اور امریکہ کے مختلف پاپ اسٹارز کو فالو کرتی ہیں (سوشل میڈیا کی دین ہے کہ آپ کسی بھی ملک کے ستاروں کو دیکھ کر ان میں اپنا آئیڈیل تلاش کرسکتے ہیں)۔ ان لڑکیوں کو اس افغانی برقعہ سے کوئی دلچسپی نہیں جسے ایک سنگر نے اپنی وڈیو میں دو خواتین کو پہنا کر پیش کیا ہے۔ اس برقعے کو پہن کر بھلا کونسی عورت آرام دہ ہوکر گٹار یا رباب بجا سکتی ہے؟؟ یا پھر کونسی عورت یہ پہن کر آفس میں کام کرسکتی ہے؟ لباس اہمیت رکھتا ہے، اگر نہیں رکھتا تو جاپان اور کوریا کبھی ماڈرن تقاضوں کے مطابق خود کو تبدیل نہ کرتے!!

اپنی وڈیو میں اس قسم کے عناصر شامل کرکے مغرب میں رہنے والے یا وہاں وقت گزارے ہوئے پشتون یہ ثابت کرتے ہیں کہ انہیں پشتو زبان، ثقافت اور اقدار سے بہت گہرا لگاؤ ہے، ان گانوں کے دیکھنے والے زیادہ تر پشتون مرد ہیں جن کی انا کو یقیناً سکون ملتا ہوگا ایسے دقیانوسی مناظر کو دیکھ کر۔ ان گائیکوں نے خود مغرب اور پاکستان میں آزاد زندگی گزاری ہوتی ہے لیکن پشتون خواتین کے معاملے میں ان کے اندر ثقافت سے محبت کے جذبات ابھر رہے ہوتے ہیں۔ منفرد دکھنے کی چاہ اور یوٹیوب پر ویوز لینے کے چکر میں ایسے پشتون لڑکے نفسیاتی گھٹن اور مسائل سے جھونجھ رہی پشتوں لڑکیوں کے لیے اور بھی عذاب بن جاتے ہیں۔

میں پاکستان میں رہتی ہوں اور جس جگہ ہم رہتے ہیں اس سے نفرت نہیں کی جاسکتی، اسے قبول کیا جاتا ہے تمام تر برائیوں کے ساتھ(کیونکہ اور کوئی راستہ نہیں)، البتہ نظریات میں توازن قائم کرنے کے لیے حقیقت کو نہ جھٹلاتے ہوئے افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ پاکستان غریب اور کرپٹ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہت ہی منافق ملک ہے (اس ملک کی بنیاد ہی منافقت پر منافق لیڈرز نے رکھی ہے اور اسلام کا نام استعمال کیا گیا ہے، بانی اور مختلف لیڈرز کی منافقت کے مشہور قصے تو سب نے ہی سنے ہونگے،اگر پڑھنا چاہتے ہیں تو فرزانہ شیخ صاحبہ کی کتاب میں پڑھ سکتے ہیں)، یہاں کلاس کے ساتھ آپ کی ثقافت بھی تبدیل ہوتی ہے، یقیناً باقی ممالک میں بھی ایسا ہوتا ہوگا لیکن منافقت کا جو لیول یہاں ہے، گارنٹی کے ساتھ کہتی ہوں کہ کہیں نہیں ملے گا اور یہ یقیناً بہت بڑا المیہ ہے، اس سب سے حکمران طبقوں کو فائدہ ہوتا ہے۔

پڑھی لکھی اور آزاد سوچ کے گھرانوں سے تعلق رکھنے والی پشتوں لڑکیاں اس برقعے کو شوقیا یا کچھ دیر کے لیے پہن کر انسٹاگرام پر سگریٹ پیتی تصاویر تو لگا لیں جیسا کہ میں اپنے ثقافتی لباس کو ایک دن کے لیے پہن کر کچھ تصاویر لگاتی ہوں کیونکہ یہ اظہار ہے اپنی ثقافت سے محبت کا لیکن اگر مجھے روز یہ پہننا پڑے تو شاید میری محبت وقت کے ساتھ ختم ہوجائے کیونکہ ماڈرن دنیا میں اس لباس کے ساتھ میں پرسکون طور پر اپنے روزمرہ کے اور پروفیشنل کام نہیں کرپاؤں گی۔ یونہی اگر یہی برقعہ ثقافت کے نام پر ان آزاد لڑکیوں کو مجبور کرکے پہنایا جائے تو انہیں یہ سب عذاب لگنے لگے گا ماڈرن دنیا میں ، یہ اس کے خلاف احتجاج کرنے نکل آئیں گی۔

اکثر وہ لوگ جو مغرب میں رہائش پذیر ہوں یا جن کے پاس اپنی مرضی کا لباس پہن کر گھومنے کی لگژری ہوتی ہے تو ایسے لوگوں کے دلوں میں اپنی ثقافت کے گھٹن زدہ اور دقیانوسی عناصر کے لیے بھی پیار امڈ امڈ کر آتا ہے اور ایسے افراد اکثر مڈل کلاس یا اس سے نچلے طبقے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں کہ انہیں اپنی “ثقافت” سے پیار نہیں، یہ احساسِ کمتری کا شکار ہیں اور خود کو ثقافت کی حفاظت کا علم بردار اور سفیر سمجھتے ہیں، (بلکل ویسا جیسے پاکستان کا امیر طبقہ آرٹ کے ڈپارٹمنٹ کو سنبھالے ہوئے ہے، جب آرٹ اور تخلیق سے منسلک کام ٹیلنٹ کی بجائے طبقات کی بنیاد پر چلیں گے تو پھر پاکستان میں آرٹ اور تخلیق کاری کا حال آپ دیکھ ہی سکتے ہیں)۔ ثقافت ہو یا کوئی بھی رواج، وہ تب تک اچھا لگتا ہے جب اپنی مرضی سے کیا جائے، جب کوئی مسلط کرے تو محبت کے جذبات ہوا میں اڑ جاتے ہیں۔

موجودہ پشتونوں کو اپنی نئی نسل کی سوچ پر مغرب کے اثرات کو سمجھنا ہوگا، اس بات کو بھی سمجھنا ہوگا کہ آپ کی ثقافت کی اہمیت اس ماڈرن دنیا میں تب تک ہے جب تک آپ کی معیشیت مضبوط ہے، جب تک آپ کی عورتیں تعلیم یافتہ اور شعور یافتہ ہیں، ورنہ آپ کی اور آپ کے اقدار کی کوئی اوقات نہیں، آپ کی غیرت کے لیے اس دنیا میں کوئی جگہ نہیں۔ جب آپ کی عورتیں پڑھی لکھی نہیں، آپ نے انہیں وہ لباس نہیں پہننے دیا جو آرام دہ اور وقت کے تقاضوں سے میل کھاتا ہے، وہ ماحول نہیں فراہم کیا جو انہیں آگے آنے کا موقع دے سکتا ہے تو یوں آپ ایک مایوس اور ٹروما سے جھونجھ رہی نسل کو پروان چڑھا رہے ہیں۔ پشتوں عورتوں میں بڑھ رہے نفسیاتی مسائل کا ہمیں اندازہ نہیں، ان نفسیاتی مسائل کا اثر خود ان خواتین اور ان کے بچوں پر نمایاں دیکھا جاسکتا ہے۔

باچا خان بابا نے بھی اسی بات کی جانب نشاندہی کی تھی کہ اگر معلوم کرنا ہے کہ کسی بھی قوم کی ثقافت کتنی مہذب ہے تو یہ دیکھو کہ وہ اپنی عورتوں کے ساتھ کیسا سلوک کرتے ہیں….. کیسا سلوک کرتے ہیں ہم اپنے معاشرے کی عورتوں کے ساتھ، یہ چھپا ہوا نہیں۔

سوات کا ہر سال کا ٹرپ اکثر مایوس کردیتا ہے جب پڑھی لکھی، ذہین اور ٹیلنٹڈ لڑکیوں کو گھٹن زدہ سوچ کی بھینٹ چڑھتا دیکھتی ہوں۔ آپ کو کیا لگتا ہے کہ آپ لوگوں کے جذبات کو دبائیں گے تو وہ خاموش رہیں گے؟؟ بلکل بھی نہیں…..نئی نسل کو جب آزادی سے زندگی کو سمجھنا اور جینا نہیں سکھایا جاتا تو وہ باغی ہوکر چور راستوں سے اپنی گھٹن کو کم کرنے کی کوشش کرتی ہے، وہ چور راستہ انہیں بربادی کی جانب لے جاتا ہے کیونکہ ان میں شعور اور تجربات کی کمی ہوتی ہے، چور راستہ کبھی بھی آپ کے اندر موجود تجربات، شعور کے خلا (gap) یا اسکی کمی کو پورا نہیں کرتا بلکہ معاشرے میں مزید مسائل کو جنم دیتا ہے۔

اچانک انڈیا کا یوں اپنے کلچر کا ہر جگہ پرچار کرنا، کرکٹ میں اپنی من مانی کرنا ہو یا جی-ٹوئنٹی (G20) میں انڈیا کی ثقافت تاریخ کا بھر پور اظہار کرنا، یہ سب تبھی ممکن ہوا جب انڈیا کی معیشیت مضبوط ہوئی، تبھی انڈیا اور اسکی ہزاروں سال پرانی ثقافت منظرِ عام پر آئی، اس سے پہلے ایسا کچھ بھی نہیں تھا۔
سوشل میڈیا پر انڈین سائنسدان خواتین کی تصاویر شیئر کرتی اور انہیں سراہتی ہماری پاکستانی خواتین….. یہ مناظر تب وجود میں آتے ہیں جب معیشت مضبوط ہوتی ہے۔ انڈیا نے معیشیت کو مضبوط کرنے کے لیے بہت بڑے اور کٹھن قدم اٹھائے ہیں، صرف سیاست کی سطح پر نہیں بلکہ ثقافتی سطح پر بھی۔ انڈیا عورتوں کو ورک فورس میں شامل کررہا ہے تو اس کے لیے قوانین کے علاوہ ڈراموں، کرائم شوز، فلموں اور ہندو مذہب جس میں ‘عورت شکتی دیوی کا روپ ہے’، کے ذریعے پیغام دے کر ذہن تیار کررہا ہے نئی نسل کا، یہ سب کچھ بہت آہستگی سے انجام پاتا ہے، آئیڈیل سچویشن کہیں نہیں ہوتی البتہ آپ چھوٹی چھوٹی کوششیں کرتے ہیں جو ایک دن بڑے نتیجے کی صورت میں ظہور پذیر ہوتی ہیں اور اکثر نتیجے دیکھنے کے لیے وہ لوگ زندہ بھی نہیں ہوتے جن کی قربانیاں یا جدوجہد رنگ لائے ہوتے ہیں۔

کلچر پتھر پر لکیر نہیں ہوتا، یہ وقت کے ساتھ بدلتا ہے اور ہمیں اس کے ساتھ خود کو بدلنا سیکھنا ہوتا ہے۔ ثقافت سے پرانے، دقیانوسی اور گھٹن زدہ عناصر ہٹانے کی شروعات گھر سے کریں، لڑکی ہو یا لڑکا دونوں کی تعلیم پر مکمل توجہ دیں، حکومت کے آسرے نہ بیٹھیں، حکومتی ادارے اپنی چھوٹی سی دنیا میں بہت خوش ہیں، آپ اپنے آپ سے شروعات کریں، آنے والی چند نسلوں میں نتیجہ ابھر کر سامنے آئے گا۔

Advertisement
Back to top button