خبریں

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا حالیہ بارشوں اور برفباری سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کےلئے معاوضوں کا اعلان

پشاور (چمرکھن) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوبے کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں اور برفباری کے باعث مختلف حادثات کی وجہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے لئے معاوضوں کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس سلسلے میں سیکرٹری ریلیف سے رابطہ کرکے اُنہیں متاثرین اور نقصانات کی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ انہیں بروقت معاوضے ادا کئے جاسکیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ ان حادثات میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو ,10 10 لاکھ روپے ، شدید زخمیوں کو تین، تین لاکھ اور معمولی زخمیوں کو 50، 50 ہزار روپے معاوضے دئیے جائیں گے جبکہ ان حادثات میں ہونے والے مالی نقصانات کے لئے بھی معاوضے دیئے جائیں گے۔
دریں اثنائ، وزیر اعلیٰ نے متعلقہ ڈویژنل کمشنرز سے بھی رابطہ کرکے انہیں بارشوں اور برفباری کے متاثرین کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ڈویژنل انتظامیہ کو مزید ہدایت کی ہے کہ ان حادثات کی وجہ سے منہدم ہونے والے گھروں کے مالکان کو عارضی رہائش گاہ، خوراک اور دیگر ضروریات کی فراہمی کے لئے بھی اقدامات کئے جائیںجبکہ ان حادثات کے زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اسی طرح وزیر اعلیٰ نے بارشوں اور برفباری کی وجہ سے بند ہونے والی رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ ہے، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔ جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ وہ متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

Advertisement
Back to top button