اپر چترالسیاست

پاکستان تحریک انصاف اپر چترال کی گورننگ باڈی کا اہم ترین اجلاس ، پارٹی کو منظم کرنے اور آئندہ کے لائحہ عمل طے کرنے کے متعلق تفصیلی بحث اور اہم فیصلے پی ٹی آئی تحصیل مستوج کی صدارت کے حوالے سے ابہام دونوں صدارتی امیدواروں کی متفقہ استعفیٰ کے بعد ختم

پاکستان تحریک انصاف اپر چترال کی گورننگ باڈی کا اہم ترین اجلاس، پارٹی کو منظم کرنے اور آئندہ کے لائحہ عمل طے کرنے کے متعلق تفصیلی بحث اور اہم فیصلے، پی ٹی آئی تحصیل مستوج کی صدارت کے حوالے سے ابہام دونوں صدارتی امیدواروں کی متفقہ استعفیٰ کے بعد ختم۔   

سید مختار علی شاہ سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی اپر چترال

اپر چترال (چمرکھن نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف اپر چترال کی گورننگ باڈی کا ایک اہم ترین اجلاس زیر صدارت رحمت غازی منعقد ہوا۔ اجلاس کے بعد پی ٹی آئی اپر چترال کے انفارمیشن سیکرٹری سید مختار علی شاہ ایڈوکیٹ نے اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی اہمیت کے حامل اجلاس تھا جس میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کی تیاری، پارٹی کے اندرونی اختلافات کو ختم کرکے متفقہ طور پر آگے چلنے اور خصوصاً تحصیل مستوج کی کابینہ سازی کے بعد کے مسائل کے بارے میں اہم فیصلے ہوئے۔اجلاس میں ضلع اپر چترال میں پارٹی کے مختلف ونگز کے صدور و جنرل سیکرٹریز اور اور ہر یوسی سے 3 پارٹی ورکرز مدعو تھے۔ تحصیل مستوج کی صدارت کے حوالے سے دو نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد باہمی طور پر اختلاف پیدا ہو گیا تھا۔

جس سے پارٹی کارکنان کے اندر واضح خلیج پیدا ہو گئی تھی، ضلعی کابینہ اپنے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے اکثریتی ممبران کی رائے سے تحصیل کابینہ تشکیل دی تھی۔جس میں سردار حکیم کو صدر منتخب کرکے نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا۔ تاہم بعد میں ریجنل صدر نے ضلعی کابینہ کے صدر کی منظوری دینے کے بجائے جنرل سیکرٹری کی جانب سے تشکیل کردہ کابینہ کی منظوری دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس میں محمد وزیر کو صدارت منتخب کیا گیا تھا۔

یوں ایک عہدے پر دو تعیناتی کی وجہ سے ابہام پیدا ہو گیا تھا۔ تاہم باہمی گفت و شنید اور مشاورت کے بعد پارٹی کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے سردار حکیم اور محمد وزیر دونوں مستعفی ہو گئے اور ساتھ ہی پی ٹی آئی اپر چترال کے جنرل سیکرٹری آفتاب ایم طاہر بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ اور اپر چترال کے ضلعی صدر رحمت غازی اور ان کی کابینہ کو باہمی اتفاق اور مشاورت سے ایک نئی منظم کابینہ تشکیل دینے کا اختیار دیا گیا ہے کہ جس میں اپر چترال کے تمام یوسیز خصوصاً نظر انداز علاقوں کی مضبوط نمائندگی یقینی ہو۔

اجلاس کے شرکاء نے دونوں رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے خوش اسلوبی سے اس تنازعے کو حل کیا۔ آخر میں اجلاس کے شرکاء اور رہنماؤں نے وزیر زادہ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی چترال کےلئے خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کئے اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بجٹ میں ضلع اپر چترال کےلئے خصوصی فنڈز رکھیں گے تاکہ نوزائیدہ ضلع کے اندر ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جا سکے۔

اور اس کے ساتھ ان سے امید ہے کہ اپر چترال کےلئے فنڈز کے اجراء میں کردار ادا کریں گے اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس کو فعال کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

Advertisement

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button