خبریں

لواری اپروچ روڈ پر کام کا دوبارہ آغاز جلد کیا جائے گا، مراد سعید

چمرکھن(ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ایم این اے مولانا عبدالاکبر چترالی نے استفسار کیا کہ لواری ٹنل اپروچ روڈ پر جاری کام کو 30 جون تک مکمل ہونا تھا مگر وہاں جاری کام کو اچانک روک دیا گیا ہے اور کام کرنے والے ملازمین کی اجرت بھی انہیں نہیں دی گئی ہے۔ اس نکتے پر وزیرِ مواصلات مراد سعید نے کہا کہ لواری ٹنل اپروچ روڈ کا پراجیکٹ 2004 میں شروع کیا گیا تھا مگر 16 سال گزرنے کے باوجود کام مکمل نہیں ہوا اور تخمینہ لاگت میں 336 فیصد تک اضافہ ہوا جس کے بعد موجودہ حکومت نے منصوبے کا خصوصی آڈٹ کرنے کا حکم دیا تھا۔

انہوں نے یقین دہائی کرائی کہ مذکورہ منصوبہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے پلاننگ کمیشن کو بھیجا تھا جہاں سے منظوری ہوچکی ہے اور جلد ہی پراجیکٹ پر کام کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے چترال-شندور روڈ، چترال-گرم چشمہ روڈ اور چترال-ایون-بمبوریت روڈ پر بھی جلد کام کا آغاز کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

مولانا عبدالاکبر چترالی نے سیشن میں چترال کے اندر یوٹیلیٹی اسٹورز کی کمی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تعداد بڑھانے کا مطالبہ کیا جس پر رُکنِ قومی اسمبلی عالیہ حمزہ ملک صاحبہ نے انہیں یقین دلایا کہ وہ انکی میٹینگ چئیرمین یوٹیلیٹی اسٹورز سے کرا دیں گی اور اگر چترال کا علاقہ شرائط پر پورا اترتا ہے تو وہاں یوٹیلیٹی اسٹورز قائم کیے جائیں گے۔

Advertisement

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button