تعلیمخبریںگلگت بلتستان

آغا خان ایجوکیشن سروس گلگت بلتستان۔ طلبہ کا اعزاز ۔ وائس چانسلر قراقرم یونیورسٹی ڈاکٹر عطاؤ اللہ شاہ کا طلبہ اور والدین سے خطاب

آغا خان ایجوکیشن سروس گلگت بلتستان۔ طلبہ کا اعزاز ۔ وائس چانسلر قراقرم یونیورسٹی ڈاکٹر عطاؤ اللہ شاہ کا طلبہ اور والدین سے خطاب

آغا خان ایجوکیشن سروس پاکستان، گلگت بلتستان کی جانب سے آغا خان یونیور سٹی امتحانی بورڈ اور قراقرم یو نیورسٹی امتحانی سیکشن کے سالانہ امتحانات میں صوبائی سطح پر مجموعی اور مختلف مضامین میں انفرادی طور پر امتیازی نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں Merit Citation کے نام سے ایک تعریفی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی قراقرم انٹر نیشنل یونیورسٹی گلگت بلتستان کے وائس چانسلر جناب ڈاکٹر عطا اللہ شاہ صاحب تھے جبکہ صدارت معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات حکومتِ گلگت بلتستان ،جناب ایمان شاہ نے کی ۔ خاص مہمانوں میں اسماعیلی طریقہ اینڈ ریلیجئس بورڈ برائے پاکستان کے معروف اسکالر ڈاکٹر عزیز علی دینار صاحب اور چترال سے سابق ایم ۔پی۔ اے جناب سردار حسین شاہ صوبائی اسمبلی خیبر پختون خواہ کے علاوہ مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے سربراہان اور نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
آغا خان یونیور سٹی امتحانی بورڈ اور قراقرم یو نیورسٹی امتحانی بورڈ کے سالانہ امتحانات ۲۰۲۳میں صوبائی سطح پر نمایاں کارکردگی کے حامل طلبہ اور اُن کے والدین اس تقریب کے اعزازی مہمان تھے .تلاوت کلام پاک سے تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا اور آغا خان ایجوکیشن سروس پاکستان ، گلگت بلتستان اور چترال کے جنرل منیجر بریگیڈئر ( ریٹائرڈ) خوش محمد خان نے مہانوں کو خوش آمدید کہا اور اس خصوصی تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کیے ۔ نیز اُنہوں نے پاکستان بھر میں آغا خان ایجوکیشن سروس کے یکساں نصاب پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آ غا خان ایجوکیشن سروس پاکستان نہ صرف اپنے طلبہ کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کر رہی ہے بلکہ اساتذہ کی ہمہ گیر پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع بھی فراہم کر رہی ہے ۔ اس سلسلے میں آغا خان ایجوکیشن سروس پاکستان دیگر نامور تعلیمی اداروں کے ساتھ بھی علمی اشتراک میں ہے۔ جنرل منیجر نے واضح کیا کہ آ غا خان ایجوکیشن سروس گلگت بلتستان نے حالیہ سالوں میں ۱۰۰ سے زائد اسکولوں کو اگلی سطحوں پر ترقی دی ہے۔ اس کے علاوہ اسکولوں اور طلبہ کی رہائش کےلیے نئی عمارتوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے پروگرام میں شرکت کرنے پر مہمان خصوصی ، صدر ِ محفل ، میڈیا کے نمائندوں کے علاوہ والدین اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا ۔
تفصیلات کے مطابق آغا خان ایجوکیشن سروس پاکستان، گلگت بلتستان اور چترال کی زیر نگرانی چلنے والے ا سکولوں کے معیار ِتعلیم کو مزید بہتر بنانے کےلیے ان اسکولوں کو مرحلہ وار آغا خان یونیورسٹی امتحانی بورڈ کے ساتھ رجسٹرڈکرنے کا عمل 2006 سے جاری ہے ۔ان اسکولوں میں زیر ِتعلیم طلبہ کی مخفی صلاحیتوں کو اُجا گر کرتے ہوئے اُن کےلیے بہترین مستقبل کا تعّین کرنے کے ضمن میں آغا خان یونیور سٹی امتحانی بورڈ سے ملحق تمام سکولوں میں مروّجہ مضامین کی تدریس کےلیے اپنے مضامین میں خصوضی مہارت کے حامل سند یافتہ مدرّسین کا انتخاب کیا جاتا ہے جو اپنے اپنے مضامین میں طلبہ کی بہترین راہنمائی کرتے ہیں اور نتیجے کے طور پر ان سکولوں میں پڑھنے والے طلبہ بورڈ کے امتحانات کے علاوہ اندرون ملک اور بیرون ملک کی نامور جامعات میں داخلہ لینے میں نہ صرف کامیاب ہوتے ہیں بلکہ اُن تعلیمی اداروں کے امتحانات میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہیں ۔ یہ طلبہ عملی زندگی میں سول سروس اور افواج پاکستان کے علاوہ طب ، شعبہ قانون ، شعبہ تعلیم ، شعبہ کاروبار اور دیگر شعبوں میں اعلی ٰ عہدوں پر قوم کی خدمت کر رہے ہیں ۔
Merit Citation کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وائس چانسلر قراقرم انٹر نیشنل یونیورسٹی گلگت بلتسان ڈاکٹر عطا ؤ اللہ شاہ صاحب نے آغا خان ایجوکیشن سروس پاکستان کی کاوشوں کا سراہتے ہوئے کہا کہ انسان کی شخصیت کے تین اہم پہلو ہیں جن میں دماغ ،جسم اور عقل و خرد ہے ۔ہم علم حاصل کرتے ہیں اور اور جسمانی اعضا سے اُس علم کو استعمال کرنے کےلیے مہارتیں پیدا کرتے ہیں لیکن ان میں سب سے زیادہ اہم عنصر عقل و دانش ہے ۔ انسان کے یہ تینوں پہلو ایک دوسرے کےلیے لازم و ملزم ہیں ۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ عالم وہ ہوتا ہے جو سوچتا ہے اور سوچ ہی انسان کی وہ خصوصیت ہے جو اُسے دوسری مخلوقات سے ممتا ز کرتی ہے ۔ وہ سوچ ہی ہے جو انسان کو اخلاق سکھاتی ہے ۔ اُنہوں نے طلبہ کی سالانہ امتحانات میں شاندار کامیابیوں پر اُنہیں مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ کہنے میں کوئی تامل نہیں کہ آغا خان ایجوکیشن سروس علاقے کے نونہالوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ بہترین تربیت کے ضمن میں اپنی مثال آپ ہے ۔ اس ادرے کی سب سے بہترین خوبی جو اسے دوسرے تعلیمی اداروں سے ممتاز کرتی ہے وہ معیاری تعلیم کو تمام تر تعصبات سے پاک ہو کر بلا تفریقِ مذہب، علاقہ ، نسل اور لسان تمام انسانوں کے لیے عام کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا تعلیمی نظام ہمارے بچوں کو وہی علم سکھاتا ہے جو جو پہلے سے رائج ہے گویا ہم پہلے سے موجود علم کو کریدنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن دنیا میں علم اور علمی تحقیق ہر چھ گھنٹے کے بعد تبدیل ہو جاتی ہے لہذا ہمارے بچوں کو پہلے سے موجود علم میں اختراعات کرنے کے بجائے نئے سرے سے نئے علم پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ طلبہ کو دنیا کے بدلتے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں آغا خان ایجوکیشن سروس ققید الامثال کردار ادا کر رہی ہے ۔ دنیا سکڑ کر گلوبل ویلج بن گئی ہے جس پر رہنے اور زندگی گزارنے کے اپنے تقاضے ہیں لہذا آج کل کے برق رفتار زمانے کا تعقب اُس وقت ممکن ہے جب ہم اپنے آپ کو زمانے کے جدید علمی تقاضوں کے مطابق تیار کریں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف اسکالر ڈاکٹر عزیز علی دینار صاحب نے سالانہ امتحانات میں بہترین کارکردگی دکھانے پر طلبہ اور اُن کے والدین کو مبارکباد دی اور اساتذہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے یہ شعر اُن کے نام کر دیا ؎ لہو سے سینچنے پڑتے ہیں برگ و بار کے موسم بظاہر یوں لگا دینا شجر آسان کتنا ہے
اُنہوں نے درست معنوں میں درس و تدریس کو دنیا کا نازک اور مشکل ترین کام قرار دیتے ہوئے کہاکہ اگرچہ والدین نے اپنے بچوں کی تعلیم کےلیے اپنا خون پسینہ بہایا ہے اور بچوں نے دن رات ایک کر کے محنت کی ہے لیکن طلبہ کی شاندار کامیابی اساتذہ کی منظّم درس و تدریس کا مظہر ہے ۔ ہم اُن تمام اساتذہ کو سلام پیش کرتے ہیں جو طلبہ کو بہترین تعلیم و تر بیت سے گزارنے میں کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کرتے۔ آج کی اس محفل میں جن طلبہ کو ہم خراج تحسین پیش کر رہے ہیں اُ ن کی شاندار کامیابی کے پیچھے اُن کے عظیم اساتذہ ہی کا ہاتھ ہے ۔ طلبہ سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ وہ عظیم طلبہ ہیں جنہوں نے اپنے والدین کی محنت کے پسینے کو آج خوشی و سر فرازی کے آنسوؤں میں بدل دیا ہے ۔ اُنہوں نے قرآن کریم کی ایک آیت کریمہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو نیک کام میں آگے ہوتے ہیں وہ آگے ہی ہوتے ہیں اور اپنی منزل کے قریب ہوتے ہیں۔ پروگرام کے شاندار انعقاد اور طلبہ کی حوصلہ افزائی پر اُنہوں نے آغا خان ایجوکیشن سروس کی لیڈر شب کی علمی کاوشوں کو سراہا ۔
تقریب کی پہلی نشست طلبہ کی طرف سے پیش کی جانے والی مختلف رنگا رنگ ہم نصابی سرگرمیوں اور مہمانوں کی تقاریر پر مشتمل تھی جبکہ دوسری نشست تقسیم اسناد پر مبنی رہی جس میں سالانہ امتحانات میں ملکی اور صوبائی سطح پر امتیازی نمبر حاصل کرنے والے درج ذیل طلبہ کو تعریفی اسناد سے حوصلہ افزائی کی گئی۔ جن طلبا و طالبات نے سالانہ امتحانات میں امتیازی نمبر حاصل کیے تھے اُن کی تفصیل اس طرح ہے :

AKU-EBسالانہ امتحانات 2023 (گلگت بلتستان) میں ثانوی اور اعلیٰ ثانوی جماعتوں میں صوبائی سطح کے مجموعی نتائج
آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول گاہکوچ کی طالبہ ، شیدا علی ولد میر باز شاہ نے اعلیٰ ثانوی سطح کے سالانہ امتحانات میں صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن، سید کامل والد سید بابر شاہ نے دوسری اور مدیحہ بی بی ولد رحمت بیگ نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ ثانوی سطح کے امتحانات میں اسی اسکول کی طالبہ سیماب نایاب ولد محمد نایاب اور حُسنت قیوم ولد محمد قیوم شاہ نے صوبہ بھر میں دوسری اور تیسری پوزیشن اپنے نام کر دی
آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول ہنزہ کی طالبہ ارشیلہ مراد ولد مراد خان نے ثانوی جماعت کے سالانہ امتحان میں صوبہ بھر میں تیسری پوزیشن حاصل کی .
AKU-EBگلگت بلتستان میں صوبائی سطح کے گروپ وار پوزیشن 2023 (پری انجینئرنگ)
آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول گاہکوچ کی طالبہ شیدا علی ولد میر باز شاہ اور علینہ زمان ولد شیر زمان نے انجینئرنگ میں اعلی ٰ ثانوی سطح پر صوبہ بھر میں بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی ۔
آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول گلگت کے طالب علم آصف ولی ولد خو ش ولی اور میرزہ اسداللہ ولد عبد اللہ جان نے انجینئرنگ کے مضامین میں اعلیٰ ثانوی سطح پر صوبہ بھر میں بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ۔
AKU-EBگلگت بلتستان میں صوبائی سطح کے گروپ وار پوزیشن 2023 (پری میڈیکل )
آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول گاہکوچ کی طالبہ مدیحہ بی بی ولد رحمت بیگ، طالب علم سید کامل بابر ولد سید بابر شاہ اور رینا اختر ولد مراد بیگ نے پری میڈیل میں اعلیٰ ثانوی سطح پر صوبہ بھر میں پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ۔
AKU-EBگلگت بلتستان 2023 میں صوبائی سطح کے سائنس مضامین کی گروپ وار پوزیشن
آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول گاہکوچ کی طالبہ حبیبہ صاحب ولد صاحب خان اور فائزہ نفس ولد نفس خان نے ثانوی سطح پر صوبہ بھر میں بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی ۔
آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول ہنزہ کی طالبات ، مسمات زویا علی ولد ذولفقار علی اور ارشیلہ مراد ولد مراد خان دونوں نے ثانوی سطح پر صوبہ بھر میں دوسری پوزیش حاصل کی ۔
آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول گلگت کے طالب علم ، علی عباس ولد شیر عباس نے ثانوی سطح پر صوبہ بھر میں تیسری پوزیش حاصل کی۔
AKU-EBگلگت بلتستان2023 میں صوبائی سطح کے سائنس کے عمومی پوزیشن
آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول گلگت کے طالب علم ، سعادت علی شاہ ولد مومن شاہ اور علی محمدولد غلام نبی خان نے اعلیٰ ثانوی سطح پر صوبہ بھر میں بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی ۔
گلگت بلتستان، KIU-ESسالانہ امتحانات2023 میں صوبائی سطح کی گروپ وار پوزیشن (پری انجینئرنگ)
ڈائمنڈ جوبلی ہائی اسکول سوست کی طالبہ ، فہمینہ فضل ولد فضل کریم نے اعلیٰ ثانوی سطح پر صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی ۔
ڈائمنڈ جوبلی ہائی اسکول پھنڈر کی طالبہ خوشبو نور ولد نہران بیگ نے پہلی پوزیشن حاصل کی ۔
گلگت بلتستان، KIU-ESسالانہ امتحانات2023 میں صوبائی سطح کی مجموعی پوزیشنیں
ڈائمنڈ جوبلی ہائی ا سکول ٹیرو کے طالب علم شیر رحیم شاہ ولد ابرہیم نے ثانوی سطح پر تیسری پوزیشن حاصل کی ۔
تقریب کے اختتام پر صدرِ تقریب، معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات حکومت گلگت بلتستان جناب ایمان شاہ صاحب نے سالانہ امتحانات برائے سال ۲۰۲۲ اور ۲۰۲۳ میں شاندار کار کردگی کے حامل طلبہ کی تعریف کی اور اُن پر زور دیا کہ جس طر ح ا ٓج اُنہوں نے اپنی محنت سے اپنے والدین اور گلگت بلتسان کی قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے اسی طرح عملی زندگی میں بھی میرٹ پر کام کرنے کو اپنا شیوا بنائیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ گلگت ایک خزانہ ہے اور ہم اس خزانے پر بیٹھے ہوئے دنیا کے وہ غریب لوگ ہیں جو بنیادی انسانی ضروریات سے آج بھی محروم ہیں ۔ اس محرومی کی سب سے بڑی وجہ ملک میں میرٹ کی پامالی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر ہمارے تمام ادارے اے کے ڈی این کے اداروں کے نقش قدم پر چل کر میرٹ کا احترام کریں گے تو کوئی وجہ نہیں کہ گلگت بلتسان میں تمام شعبوں میں تیز تر ترقی ممکن نہ ہو ۔ اُنہوں نے علاقے میں آغا خان ایجوکیش سسٹم کو اُمید کی کرن قراد یکر ادارے کو یقین دلایا کہ حکومت گلگت بلتسان علم کے پرچار میں آغا خان ایجوکیشن سروس کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی ۔

Advertisement
Back to top button