تعلیمخبریںلوئیر چترال

چترال بھر کے تقریباً چونتیس(34) آغا خان اسکولوں میں گلوبل اسماعیلی سیوک ڈے 2023 منایا گیا ۔

چترال (چمرکھن ) گلوبل اسماعیلی سیوک ڈے ہر سال دنیا بھر میں اسماعیلی برادری کی طرف سے منایا جاتا ہے ۔ یہ دن اسماعیلی مسلمانوں اور دوسری برادریوں کو ساتھ مل کر معاشرے کی بہتری میں اپنا حصہ ڈالنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اس سا ل گلوبل اسماعیلی سیوک ڈے 2023 چترال کے 34 آغا خان سکولوں میں منایا گیا۔ اس حوالے سے دن کا آغاز مختلف سرگرمیوں کے ساتھ ہوا جن میں آگاہی واک، شجر کاری، صفائی کے حوالے سے آگاہی مہم وغیرہ شامل تھیں ۔ طلبہ اور اساتذہ اپنے سکولوں کے مضافات اور گلی محلوں کے علاوہ قریبی تعلیمی اداروں تک علامتی واک کیے۔
واک کے شرکاء ماحول، پانی، ہوا، توانائی کی حفاظت اور آلودگی، جنگلات کی کٹائی اور پانی کے ضیاع کے نقصانات کے حوالے سے پلے کارڈز اور بینر اٹھائے رکھے تھے۔متنوع پس منظر، عمر اور جنس کے حامل 8000 سے زائد افراد نے ان پروگرامو میں شرکت کی۔ جن میں طلبہ، اساتذہ، اسماعیلی کونسلز کے صدور اور اراکین، والدین، کمیونٹی کے اراکین، سرکاری افسران، اور AKDN کے عہدیداران شامل تھے ۔
ان پرگراموں میں بچوں نے موسمیاتی تغیر اور اس سے بچاؤ کے حوالے سے تقاریر کے ساتھ ساتھ آرٹ ورک ، ماحولیاتی پس منظر کے حامل لوک گیت ، خاکے ،ٹیبلو اور مباحثے وغیرہ پیش کیں. مہمان مقررین نے ماحولیاتی بہتری اور سیوک سنس کے بارے میں عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے حوالے سے آغا خان ایجوکیشن سروس چترال کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ سیوک سنس کو عام کرنے لیے تما م اداروں اور عوامی حلقوں کو مل جل کر کام کرنا چاہیے۔
اپر چترال میں یہ سرگرمیاں موڑکہو، بونی، مستوج ، لاسپور ، بریپ ، یارخون ، بنگ، کھوت، ریچ اور واشچ جبکہ لوئر چترال میں چترال ٹاؤن ، شوغور، ارکاری ، کریم آباد، گرم چشمہ مدک لشٹ وغیرہ میں انجام پائیں۔
اپر چترال بونی میں فدا الکریم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اپر چترال بطورِ مہمان خصوصی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پروگرام میں شریک طلبہ کی کارکردگی کو سراہا اور ماحول کو برقرار رکھنے کے حوالے سے حکومت کی طرف سے کی جانے والی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور ماحول کی بہتری کے حوالے سے اپنے کردار کو موثر انداز میں اداکرنے کی یقین دہانی کی ۔
انہوں نے طلبہ سے درخواست کی کہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے واپس اپنے علاقے میں آکے اپنے ہی ضلعے میں خدمات سر انجام دے کراس کی ترقی میں حصہ ڈالنے کی بھر پور سعی کریں۔
انہوں نے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک اور حکومتی اداروں کے درمیان شراکت اور تعاون پر روشنی ڈالتے ہوئے آغاخان ایجنسی فار ہیبی ٹاٹ کے ساتھ مل کر موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے موثر کام کرنے کا اعادہ کیا ۔
آغا خان سکول مستوج میں ہونے والے پروگرام کے مہمان خصوصی کیپٹن عبداللہ نے چترال کی تعلیمی ترقی میں آغا خان ایجو کیشن سروس کی کاؤشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم کے حوالے سے آغا خان ایجوکیشن سروس کی خدمات قابل ِ تعریف ہیں ۔
لوئر چترال میں چترال ٹاؤن ، شوغور، ارکاری ، کریم آباد، گرم چشمہ ا ورمدک لشٹ کے آغا خان اسکول میں مختلف سرگرمیوں کے ذریعے اس دن کو منایا گیا ۔
اسی حوالے سے آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول سین لشٹ کے پرنسپل ، اساتذہ اور طلبہ نے چترال یونیورسٹی تک آگاہی واک کیا اور وہاں ایک کھلے سیشن کا اہتمام کیا گیا جس میں یونیورسٹی آف چترال کے وائس چانسلر ظاہر شاہ اور آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول سین لسٹ کے پرنسپل طفیل نواز نے ماحولیاتی تغیر اور ہماری ذمہ داریوں کے حوالے سے مختصر خطاب کیا.
یونیورسٹی آف چترال کے وی سی پروفیسر ڈاکٹر ظاہر شاہ نے دونوں اداروں کے درمیان تعاون کی اہمیت اور ضرورت پر روشنی ڈالنے کے ساتھ ساتھ گلوبل اسماعیلی سیوک ڈے کے مقاصد کے حصول کے کےلیے تعلیمی اداروں اور طلبہ کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
یاد رہے گلوبل اسماعیلی سیوک کا تعلق کسی مخصوص عقیدے، مکتبہ فکر یا گروہ سے نہیں ہے. یہ ماحولیاتی مسائل کو حل کرنے اور سیوِک سنس کو عام کرنے سماج کی مشترکہ ذمہ داریوں کا نام ہے۔

Advertisement
Back to top button