اپر چترالتورکھوخبریںسیاستموڑکھو

اظہارِ تشکر

حالیہ الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے تحصیل ناظم تورکھو اور موڑکھو کے لیے مجھ پر اعتماد کر کے مجھے ٹکٹ دیا تھا۔ الیکشن کا انعقاد ہوگیا ، تاہم! ہم جیت نہیں سکے۔ اس عمل میں بے شمار محبت بانٹنے والے لوگوں سے ملاقاتیں ہوئیں یا فون پر بات چیت ہوئی جن سے میں خدمت کا موقع دینے کا خواہاں تھا۔ ہزاروں لوگوں نے اپنی پارٹی وابستگی سے بالا تر ہو کر اپنے قیمتی ووٹ کے ذریعے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا جو کہ میرے لیے بہت حوصلہ افزائی کا باعث بنا۔ میں اپنے ان تمام ووٹرز اور سپورٹرز کا تہہِ دل سے شکر گزار ہوں کہ جنھوں نے مجھے ووٹ دیا۔ یہ صرف ووٹ نہیں بلکہ محبت، خلوص اور اعتماد کا پروانہ ہے جو مجھے ان کی جانب سے ملا۔ ہاں! یہ ٹھیک ہے کہ الیکشن میں شکست افسردگی کا سبب بنتی ہے مگر میں آپ لوگوں کے ساتھ الیکشن کی تیاریوں میں گزارے ہوئے ان لمحات کی سحر انگیز خوبیوں سے سرشار ہوں۔ اپنے علاقے اور پس ماندگی میں گِھرے ہوئے لوگوں کی خدمت کا جذبہ لے کر میں میدان میں اترا تھا، کامیابی کی صورت میں آپ کی خدمت کا زیادہ موقع ملتا۔ عہدے کے ساتھ نہ سہی مگر ذمہ داری اور خدمتِ خلق کے جذبے کے ساتھ اب بھی آپ کے شانہ بہ شانہ کھڑا رہوں گا۔ کسی بھی طرح کے مسائل کے حل کے لیے مشاورت جاری رکھوں گا اور آپ کے ساتھ مسلسل رابطے بہ حال رکھنے کی کوشش گا۔

اس الیکشن میں جس طرح لوٹ اویر سے لے کر تریچ اور اِستارُو سے لے کر ریچ تک بالخصوص میرے خاندان والوں نے بے لوث محبت کا اظہار کیا، اتحاد کا مظاہرہ کیا اور ووٹ دے کر میری حوصلہ افزائی کی، اس کے بدلے میں شکریہ ادا کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ تورکھو اور موڑکھو کے تمام لوگوں کا بالعموم شکریہ جنھوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور اپنا قیمتی ووٹ مجھے دیا۔ حلقے کے ہر گاؤں کے لوگوں نے مجھے محبت دی لیکن میں لون، کوشٹ، موردیر، پِشالدُوری، ریچ، گَہت اور سَہت کے اپنے بزرگوں، دوستوں اور سپورٹرز کا خصوصی طور پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مشکور ہوں جنھوں نے اپنا قومی فریضہ میرے نام کیا۔ پارٹی ورکرز اور لیڈرشپ یقیناً شکریہ کے حق دار ہیں جنھوں نے میرے ہم راہ شب و روز کام کیا اور الیکشن مہم میں بھر پور حصہ لیا۔ اس کے علاوہ اپنے تمام خیرخواہوں، دوستوں اور رشتہ داروں کا شکر گزار ہوں جنھوں نے مجھے ووٹ دیا، مہمان نوازی کی یا فون پر بات چیت کے ذریعے حوصلہ بڑھاتے رہے۔ آپ لوگوں نے میرا دل جیت لیا ہے۔

ان تمام لوگوں کا بھی شکریہ جو کہ میری پارٹی کے ہوتے ہوئے بھی اپنا ووٹ میرے علاوہ کسی اور امید وار کو دیا۔ نیز ان تمام لوگوں کا بھی شکریہ جن کا انتخاب میرے علاوہ دوسرے امید وار تھے۔ ووٹ دیں یا نہ دیں لیکن آپ تمام لوگ بے مثال اور باکمال ہیں۔ آپ محبتوں کے امین ہیں، آپ مہمان نواز ہیں۔ الیکشن مہم کے دوران آپ لوگوں کے ساتھ ملنا، بات چیت کرنا اور آپ کی مہمان نوازی کے مزے لُوٹنا میری زندگی کے بہترین لمحات میں سے ہیں جنھیں میں کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔

اس الیکشن کے جتنے بھی امیدوار تھے، چاہے وہ کسی پارٹی کی نمائندگی کر رہے تھے یا بہ طورِ آزاد امیدوار اس الیکشن میں حصہ لے رہے تھے، ان کو میں دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں کیوں کہ اُنھوں نے انتخابی مہم کے دوران اعلیٰ اخلاقی تربیت، نظم و ضبط، انسان دوستی، محبت، چترالی روایات کے صحیح معنوں میں امین، بہترین اقدار اور سیاست کے اصل اصولوں کی پاس داری کی۔ یہ شائد تاریخ میں پہلی بار تھا کہ الیکشن بہ خیر و خوبی اور احسن طریقے سے بغیر کسی بدمزگی کے اپنے اختتام کو پہنچ گیے۔  

اپنے نئے منتخب شدہ ناظم میر جمشید الدین کو میں خصوصی طور پر مبارک باد پیش کرنا چاہوں گا کیوں کہ عوام نے اُنھیں اپنی خدمت کے لیے چُن لیا ہے۔ ہماری اپنے ناظم سے بہت ساری توقعات ہیں کہ وہ بلا کسی سیاسی، علاقائی، نسلی اور مسلکی تعصب اور امتیاز سے بالا تر ہو کر لوٹ اویر سے لے کر تریچ اور اِستارُو سے لے کر ریچ تک عوام کی بہترین خدمت کریں گے۔ الیکشن مہم کے دوران جو بھی تند اور تیز باتیں چاہے کسی بھی امیدوار یا پارٹی کارکن سے ادا ہوئی ہوں، ان کو بُھلا کر اپنی تمام تر توانائی اور صلاحیتیں علاقے کی خدمت پر مرکوز کریں گے۔ ہماری یہ بھی امید ہے کہ ترقی کے اس سفر میں وہ تمام پارٹیز، الیکشن کے نام زد امیدواروں، علاقے کے بزرگوں، نوجوانوں، خواتین اور سول سوسائٹی کے افراد کی قیمتی آرا کو قدر کی نگاہ سے نہ صرف دیکھیں گے بلکہ سب کو اپنے ساتھ ملا کر چلیں گے تاکہ وہ اپنے علاقے کی خدمت کا صحیح حق ادا کر سکیں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو، آمین۔

مستنصیر الدین

نام زد امید وار برائے تحصیل ناظم تورکھو، موڑکھو

Advertisement
Back to top button