اپر چترالخبریں

حالیہ بارشوں اور برفباری کے بعد یارخون کے عوام محصور ہوچکے ہیں ، ہنگامی بنیادوں پر ریلیف کاموں کی اشد ضرورت ہے۔ محبوب علی خان

حالیہ بارشوں اور برفباری کے بعد یارخون کے عوام محصور ہو چکے ہیں، ہنگامی بنیادوں پر ریلیف کاموں کی اشد ضرورت ہے۔ محبوب علی خان

یارخون لشٹ کی معروف سماجی شخصیت سابق پریذیڈنٹ لوکل کونسل یارخون محبوب علی خان نے چمرکھن سے حالیہ بارشوں اور برفباری کے بعد کی صورتحال پہ گفتگو کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ، صوبائی حکومت اور مخیر غیر سرکاری اداروں سے اپیل کی ہے کہ یارخون اور بروغل کے باسی حالیہ بارشوں اور برفباری کے بعد محصور ہو کر رہ گئے ہیں، برفباری اور تودہ گرنے کی وجہ سے جگہ جگہ سڑکیں بند ہیں۔

کئی دیہات میں پینے کے پانی کا فقدان ہے اور شدید سردی کی لہر پیدا ہونے کی وجہ سے پھلدار درختوں کے پتے اور پھول سوکھ رہے ہیں، جبکہ فصل کی تیاری کےلئے تیار کھیت برف سے ڈھکنے کی وجہ سے ابھی تک کہیں بھی سیزن کا آغاز نہیں ہوا جس کی وجہ سے امسال جانوروں کے چارے اور بھوسے کی شدید کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

 

علاوہ ازیں بروغل وادی میں شدید برفباری کے بعد لوگوں کے پالتو جانور مختلف بیماریوں کا شکار ہوکر مرنے لگے ہیں۔
اس صورتحال میں صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ اور مخیر اداروں سے گزارش ہے کہ یارخون اور بروغل کے عوام کو ہنگامی بنیادوں پر ریلیف فراہم کی جائیں بصورت دیگر شدید انسانی بحران جنم لینے کا اندیشہ ہے

Advertisement

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button