خبریںسیاست

چترال سے قومی اسمبلی کی نشست این اے۔ ون کے لئے پاکستان راہ حق پارٹی کے نامزد امیدوارمولانا سراج الدین قریشی نے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار اور سابق ایم این اے مولانا عبدالاکبر چترالی کے حق میں غیر مشروط طورپر دستبردار

چترال ( بشیرحسین آزاد ) چترال سے قومی اسمبلی کی نشست این اے۔ ون کے لئے پاکستان راہ حق پارٹی کے نامزد امیدوارمولانا سراج الدین قریشی نے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار اور سابق ایم این اے مولانا عبدالاکبر چترالی کے حق میں غیر مشروط طورپر دستبردار ہونے اور ان کی کامیابی کے لئے ہر ممکن محنت کرنے کا اعلان کردیا۔ بدھ کے روز چترال پریس کلب میں مولانا عبدالاکبر چترالی اور دونوں جماعتوں کے رہنماؤں مولانا جاوید الرحمن، مولانا اسرا رالدین الہلال، مولانا حاجی اکبر معاویہ، وجیہہ الدین، عبدالحق، مولانا حسین احمد، محمد شجاع الحق بیگ اور دوسروں کی معیت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان راہ حق پارٹی نے ایم این اے کی حیثیت سے ناموس صحابہ بل کو اسمبلی سے پاس کرانے اور اسے قانون کا حصہ بنانے میں کلیدی کردار ادا کرکے ملک بھر کے مسلمانوں کا دل جیت لینے پر پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت نے الیکشن میں ان کی غیر مشروط حمایت کرنے اور ان کے لئے بھر پور تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان راہ حق پارٹی کے کارکنان کو پہلے ہی ہدایات جاری کئے جانے پرپہلے ہی لویر اور اپر چترال کے اضلاع میں مولانا چترالی کے لئے کام کا باقاعدہ آغازکردیا ہے اور گاؤں گاؤں قریہ قریہ مسلمان بہن بھائیوں تک یہ پیغام پہنچایا جارہاہے کہ صحابہ کرام کا جو غلام ہوگا وہی مسلمانوں کا اما ہوگا اور اسی میں ہماری دنیا و مافیہا کی کامیابی کا راز پوشیدہ ہے۔ اس موقع پر مولانا عبدالاکبرچترالی نے راہ حق پارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ اس مرتبہ بھی کامیابی ملنے اور اسمبلی میں پہنچنے کی صورت میں وہ مزیدجانفشانی سے کام کرتے ہوئے قوانین کو اسلامی سانچے میں ڈھالنے اور صحابہ کرام کی شان سمیت اسلامی شعائر کو محفوظ بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ مولانا چترالی نے ناموس صحابہ بل کو پاس کرانے کے مختلف مراحل میں درپیش مشکلات اورخطرات کو تفصیل سے بیان کیا اور کہاکہ ان کی خلوص نیت کی وجہ سے اللہ نے کامیابی سے ہمکنار کیا ورنہ اس کے سامنے دیدہ ونادیدہ قوتین پوری طرح مزاحم ہوئی تھیں۔ انہوں نے پاکستان راہ حق پارٹی کے مرکزی امیر مولانا لدھیانوی، صوبائی امیر مولانا دیشانی اور ضلعی ذمہ دار حافظ خوش ولی خان کا شکریہ ادا کیا۔

Advertisement
Back to top button