اپر چترالتعلیمخبریںکالم نگار

دوران تعطیلات بچوں کی نگرانی

اکبر حسین

 بچوں کی تعلیم و تربیت اور ترقی کے کلیدی وسائل کے طور پر والدین بچے کی سماجی، جذباتی اور جسمانی نشوونما کو تشکیل دینے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ اگر یہ کردار موثر طریقے سے ادا کیا جائے تو اس کا بچوں کی تعلیمی بلکہ عملی زندگی پر بھی انتہائی دوررس اثر مرتب ہوتا ہے۔

      جدید تعلیمی نظریات کی رو سے طالب علم کی کامیابی میں معاونت کا آغاز خاندان، اسکول اور کمیونٹی کے درمیان ایک مشترکہ معاہدے سے ہوتا ہے جس کے تحت وہ مل کر کام کرنے کے پابند ہوتے ہیں ۔ ایسی شراکت داری باقاعدہ ایک منصوبہ بندی کے ذریعے قائم کی جاتی ہے جس میں مقاصد کے حصول کے لیےپرعزم اقدامات شامل ہوتی ہیں۔  

ہمارے ہاں تعلیم کا نظام روایتی ڈگر پر ہی رواں دواں ہے۔ گو کہ مختلف ادوار میں اصلاحات کی چھوٹی موٹی کوششیں کی گئی ہیں لیکن ابھی بھی عصری تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

 سکولوں میں نصابی سرگرمیوں کو نتیجہ خیز بنانے اور بچوں کے لیے ساز گار ماحول فراہم کرنے کے لیے والدین اساتذہ کونسل (پی۔ٹی۔سی)کی تشکیل ایک خوش آئند تجربہ تھا لیکن اس کو بھی ہم رسمی اور کاغذی کارروائی تک محدود رکھ پائے ہیں۔ والدین کی طرف سے بچوں کی تعلیمی ترقی میں مثبت کردار ہی تعلیمی اہداف کو حاصل کرنے میں ممد و معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ظاہر ہے کہ تالی ایک ہاتھ سےتو نہیں بج سکتی لہذا سکول اور خاندان کا باہمی تعاون ہی بچوں کی تعلیمی استعداد کار بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

موسمی حالات کے پیش نظر ہونے والی طویل تعطیلات رسمی درس و تدریس کی تال کو توڑ دیتی ہیں۔ بچوں کی موٹیویشن لیول بھی گھٹ جاتی ہے ۔ جب طلباء تعطیلات گزارنے کے بعد اسکول واپس آتے ہیں تو مواد کے جائزے سے پتہ چلتا ہے کہ بچوں نے دوران تعطیلات کتنی نظم و ضبط کا مظاہرہ کر چکے ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ، طویل تعطیلات خصوصی تعلیمی ضروریات والے بچوں کی تعلیم پر زیادہ منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔ امریکہ کی ایک تعلیمی جریدے میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق گرمیوں کی تعطیلات میں گریڈ 1 سے 6 تک کے طلباء کی 52% نے تعلیمی سال کے مجموعی منافع کا اوسطاً 39% کھو دیا۔

ہمارے ہاں ان دنوں موسم سرما کی ناگزیر چھٹیاں ہو چکی ہیں جس میں بچوں کو پڑھائی کے ساتھ مصروف رکھنے کے لیے کچھ اقدامات والدین کر سکتے ہیں۔

 ٹریک پر رکھنے اور ان کے سیکھنے کے تسلسل کو برقرار رکھنےکے لیے بچوں کی مانیٹرنگ انتہائی ضروری ہے۔ سکول سے ملنے والی ہوم ورک کا باقاعدہ اہتمام بچوں کو پڑھائی کی ترغیب دیتاہے ۔

بچوں کی نگرانی کا خود والدین یا خاندان کا کوئی ایک فرد زمہ داری لے سکتا ہے۔ اس کے علاؤہ دوران تعطیلات کوچنگ سینٹر میں بچوں کو بھیجنا بھی ان کی تعلیمی سرگرمیوں کی تسلسل کے لیے سود مند ہے۔

تعطیلات کی وجہ سے بچوں کی معمولات بھی کافی بدل جاتی ہیں لہذا صحت مند کھانے اور سونے کی عادات سمیت کھیل و تفریح وغیرہ کا بھی خاص خیال رکھنا ضروری ہے۔ بہتر یہی ہے کہ سکول کی طرز پر ایک اوقات کار مرتب کیا جائے جس کے تحت بچے گھر پر بھی نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں مصروف رہ سکیں۔   

اس بات میں کچھ شک نہیں کہ ہر کوئی اپنے وسائل کے مطابق اپنے بچوں کی پرورش اور تعلیم کا انتظام بہتر سے بہتر انداز میں کرنے کی سعی کرتا ہے ۔ والدین کی خواہش ہوتی ہے کہ جتنا ممکن ہو سکے بچوں کی تعلیم و تربیت میں کوئی کسر باقی نہ رہ جائے۔ 

لہٰذا والدین کا بچوں کی تعلیمی کارکردگی بڑھانے کے لیے اساتذہ اور سکول کے ساتھ خصوصاً دوران تعطیلات تعاون اور اشتراک انتہائی ضروری ہے۔

Advertisement
Back to top button