خبریںسیاست

نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان کا قبائلی ضلع باجوڑ اور ضلع دیر لوئر کا دورہ باجوڑ بم دھماکے کے ہسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے پیر کے روز قبائلی ضلع باجوڑ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار میں باجوڑ دھماکہ کے زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی۔نگران صوبائی کابینہ کے اراکین مطیع اللہ مروت ، حامد شاہ اور ڈاکٹر ریاض انور کے علاوہ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری اور انسپکٹر جنرل پولیس اختر حیات خان گنڈاپور بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعلیٰ نے زخمی افراد سے فرداً فرداً ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔وزیر اعلیٰ کو اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے زخمیوں کو دی جانے والی علاج معالجے کی سہولیات بارے بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے زخمی افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ زخمیوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، محمد اعظم خان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی فراہمی کے عمل کی وہ بذاتِ خود نگرانی کر رہے ہیں۔ نگران وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے ، دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا ، اس دلخراش واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، پر امن شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی مکروہ فعل ہے۔ محمد اعظم خان نے اس موقع پر امن کی بحالی کی جدو جہد میں سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے خیبر پختونخوا کے شہریوں خصوصاً قبائلی عوام اور سیکیورٹی فورسز نے ان گنت قربانیاں دی ہیں، ہم ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
درایں اثناءوزیراعلیٰ نے ضلع باجوڑ کے عمائدین اور دھماکے کے شہداءکے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ محمد اعظم خان نے شہداءکے درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر و استقامت کی دعا کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس مشکل گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے واضح کیاکہ باجوڑ آنے کا مقصد بھی زخمیوں کی عیادت اور لواحقین سے تعزیت کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ زخمیوں کے علاج معالجے کا جائزہ لینے کی غرض سے مختلف ہسپتالوں کے دورے کر رہا ہوں جب سے اس دلخراش واقعے کا پتہ چلا ، سکون سے نہیں بیٹھا۔
بعدازاں ضلع لوئر دیر کے مختصر دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے تیمرگرہ ٹیچنگ ہسپتال میں زیر علاج باجوڑ دھماکے کے زخمیوں کی بھی عیادت کی اور انہیں فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ زخمی مریضوں کے بہتر علاج معالجے پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ وہ جلد صحت یاب ہو سکیں۔ زخمی افراد کے تیمارداروں کے ساتھ ہمدردی کا اظہا ر کرتے ہوئے محمد اعظم خان نے کہاکہ صوبے میں پائیدار امن کا قیام نگران حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ نگران حکومت شروع دن سے صوبے میں مثالی امن و امان کے قیام کیلئے کوشاں ہے اور اس مقصد کے لئے ہر ممکن عملی اقدامات اُٹھا ئے جارہے ہیں۔

Advertisement
Back to top button