خبریںدروشسیاستلوئیر چترال

اکتیس اکتوبر اسلام آباد جا کر حکمرانوں سے انتخابی وعدوں کی تکمیل کا مطالبہ کرینگے، سراج الحق

چترال ( نمائندہ چمرکھن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ اکتوبر کے آخر تک اسلام آباد جا کر حکمرانوں سے انتخابی وعدوں کی تکمیل کا مطالبہ کریں گے، پنڈورا لیکس میں جن حکومتی ارکان اور سرکاری افسران کے نام آئے ہیں انھیں اپنے عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ چترال کے موقع پر ریسٹ ہاوس دروش میں ”ورکرز کنونشن” سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں بڑی تعداد میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور اہل علاقہ نے شرکت کی۔ قبل ازیں امیر جماعت اسلامی چترال کی حدود میں پہنچے تو پہلے عشریت اور اس کے بعد دروش بازار میں امیر جماعت کا ہزاروں لوگوں نے شاندار استقبال کیا۔

عشریت میں استقبالی کیمپ کی نگرانی سابق تحصیل ناظم روئیدار احمد انیس نے کی جبکہ مولانا صلاح الدین ، فرید حسین جان، اکرام اللہ ایڈوکیٹ کی قیادت میں دروش بازار میں امیر جماعت اسلامی کو استقبالیہ دیا گیا۔ استقبالیہ میں جمعیت علمائے اسلام دروش کے قائدین اور کارکنان نے بھی بھر پور طریقے سے شرکت کی اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے دورے کا خیر مقدم کیا۔ بعدا زاں امیر جماعت اسلامی نے ورکرز کنونشن میں شرکت کی۔

اس موقع پر اپنے کلیدی خطاب میں انہوں نے کہا کہ پنڈورا لیکس میں جن حکومتی ارکان اور سرکاری افسران کے نام آئے ہیں، ان سے فوری طور پر استعفا لیکر ان کے خلاف انکوائری کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ ہم ان شا اللہ 31 اکتوبر تک اسلام آباد کا رخ کر رہے ہیں ، جہاں ہم پی ٹی آئی حکومت سے عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی تکمیل کا مطالبہ کریں گے۔

کنونشن سے جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالواسع، امیر جماعت اسلامی ضلع چترال اخونزادہ رحمت اللہ اور سابق چیئرمین خورشید علی خان نے بھی خطاب کیا ۔

Advertisement
Back to top button