پولوچترالیوں کی کامیابیکھیل

ایک شام اظہار علی خان کے نام

"نوجوانان چترال” کی طرف سے شندور فیسٹول فائنل میچ کے مرد میدان اظہار علی خان کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی۔ یہ خوبصورت تقریب منیجر کامران عادل اور سوشل ورکر عرفان عزیز کی تحریک اور کوششوں سے سجائی گئی تھی۔ تقریب میں پولو کے سابق مایہ ناز پلیر بابائے پولو مقبول علی خان، پولو پلیر اظہار علی خان، جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی وجیہ الدین، وی سی ناظم چمرکن عبد الحق، وی سی ناظم جغور سجاد احمد خان، فدا الرحمان اور ہر دلعزیز شخصیت حاجی فاروق اعظم کے علاؤہ کئی اہم شخصیات شریک ہوئے جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی معروف کاروباری شخصیت زاہد حسین تھے۔ جنھوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر اظہار علی خان کو پچاس ہزار روپے نقد انعام سے نوازا۔ 

تقریب میں شریک منیجر کامران عادل، استاد فاروق اعظم اور وجیہ الدین نے خطاب کرتے ہوئے شندور فیسٹول فائنل میچ میں بہترین کھیل پیش کرکے چترال ٹیم کو فتح دلانے پر کپتان شہزادہ سکندر الملک اور پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ 

مقررین نے ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ پولو چترال کا مقبول ترین کھیل ہے، جسے لوگ نہایت شوق سے دیکھتے ہیں، مگر پولو زیادہ وسائل کا متقاضی کھیل ہے، اس لیے اس کھیل کو زندہ رکھنے اور مزید ترقی دینے کے لیے تمام پولو پلیرز کے الاونس میں معقول اضافہ کیا جائے۔ 

شرکائے تقریب نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ 2016 میں شندور فیسٹول میں اسی طرح بہترین کارکردگی دکھا کر چترال کو فتح سے ہم کنار کرنے پر اس وقت کے ڈپٹی کمشنر چترال محمد اسامہ وڑائچ شہید نے اظہار علی خان کو پروموشن دینے کا اعلان کیا تھا۔ افسوس کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہنوز یہ وعدہ ایفا نہ ہوسکا، لہذا اس بار کی کارکردگی کو سامنے رکھتے ہوئے اظہار علی خان کو حسب وعدہ پروموشن دیا جائے۔

آخر میں سیالکوٹ سپورٹس کی طرف سے اظہار علی خان کو خصوصی ایوارڈ بھی پیش کیا گیا ۔

Advertisement
Back to top button