ایک بات نظر آرہی ہے رولنگ غلط ہے ، آج ہی کیس کا فیصلہ کریں گے ، چیف جسٹس سپریم کورٹ
اسلام آباد ( چمرکھن ) اسپیکر کی رولنگ کے خلاف از خود نوٹس کیس میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایک بات نظر آرہی ہے کہ سپیکر کی رولنگ غلط ہے ، اب اگلا مرحلہ کیا ہے ، آج ہی کیس کا فیصلہ کریں گے ۔سپریم کورٹ میں سپیکر رولنگ کے خلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ کر رہا ہے ، دوران سماعت چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ ایک بات نظر آرہی ہے کہ سپیکر کی رولنگ غلط ہے ، اب اگلا مرحلہ کیا ہے ، ہمیں قومی مفاد کو بھی دیکھنا ہے ،دیکھنا ہے اسمبلی تحلیل اور ا سپیکر رولنگ میں کتنے ٹائم کا فرق ہے، جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ کل کو کوئی سپیکر آئے گا تو اپنی مرضی کرے گا۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ میں رولنگ کو دفاع نہیں کر رہا ، میرا نکتہ آئندہ انتخابات ہے ۔ جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ عدالت نے حالات و نتائج کو دیکھ کر فیصلہ نہیں کرنا ہے، عدالت نے آئین کو مد نظر رکھ کر فیصلہ کرنا ہے،کل کو کوئی سپیکر آئے گا وہ اپنی مرضی کرے گا،عدالت نے نہیں دیکھنا کون آئے گا کون نہیں،نتائج میں نہیں جائینگے۔
بشکریہ؛ ڈیلی پاکستان