خبریںصحتلوئیر چترال

ڈینگی وائرس کے خاتمے کیلئے اقدامات اُٹھارہے ہیں ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر چترال لوئیر فیاض علی رومی

چترال ( چمرکھن ) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر چترال لوئر فیاض علی رومی کی زیر صدارت ڈینگی کنٹرول کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ صحت کے تمام کوآرڈینیٹرز ، ایل ایچ ویز اور چترال کے ہسپتالوں کے ڈینگی فوکل پرسن، محکمہ صحت اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈینگی کے خاتمے کے حوالے سے جاری اقدامات، ہسپتالوں میں رپورٹنگ سسٹم/ کیس ٹریکنگ سسٹم اور دیگر اقدامات کے بارے میں تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ چترال کے زیادہ کیسز رپورٹ ہونے والے علاقوں میں محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر سپرے کے ساتھ عوامی آگاہی بھی چلا رہی ہیں ان ٹیموں میں شامل اینٹامالوجسٹ پانی کے نمونے حاصل کر کے ڈینگی لاروا کے متعلق معلومات حاصل کر رہے ہیں اور ڈینگی لاروا کی موجودگی پر مزید کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے اور سپرے کا دائرہ کار مزید علاقوں تک بڑھایا جا رہا ہے اورضلعی انتظامیہ اور محکمہ ہیلتھ چترال لوئیر ہنگامی بنیادوں پر ڈینگی وائرس سے بچاؤ اور ڈینگی مچھروں کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے تاکہ ڈینگی مچھروں کا خاتمہ کیا جا سکے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر فیاض علی رومی نے ہدایات جاری کیں کہ روزانہ کی بنیادوں پر ڈیٹا ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے ساتھ شیئر کریں اور اس کے ساتھ عوام الناس میں احتیاطی تدابیر کے حوالے سے مہمات چلائیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر چترال لوئیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں میں پانی کی ٹینکیوں کو ڈھانپ کر رکھیں اور گھر میں کسی بھی جگہ یا برتن میں پانی کو کھلا نہ رکھیں او ر مکمل احتیاط برتیں تاکہ اس موذی مرض کا خاتمہ کیا جا سکے انھوں کے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر ڈینگی وائرس پر قا بو نہیں پا یا جا سکتا۔ انھوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس کو کنٹرول کر نے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں گے

Advertisement
Back to top button