خبریںسیاست

آئندہ 90 روز میں ملک میں نئے الیکشن ہونے کا امکان

اسلام آباد (چمرکھن_ اُردو پوائنٹ ) آئندہ 90 روز میں ملک میں نئے الیکشن کا امکان ظاہر کردیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعطم عمران خان نے صدر کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی ایڈوائس بھیج دی گئی ہے ، جس کے بعد وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کی طرف سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا گیا ، جس میں انہوں نے کہا کہ ملک میں نئے الیکشن آئندہ 90 روز میں ہوں گے۔

اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساری قوم کو مبارک باد دیتا ہوں ، ساری قوم پریشان تھی کہ یہ کیا ہورہا ہے ، ساری قوم کے سامنے غدار بیٹھے تھے اور سازش ہورہی تھی ، میں نے قوم سے کہا تھا کہ گھبرانا نہیں ، قوم الیکشن کی تیاری کرے

قبل ازیں تحریک عدم اعتماد کیخلاف رولنگ دیتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی تحریک عدم اعتماد مسترد کردی ، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے اپوزیشن کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کو آئین کے منافی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا اور قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کر دیا ، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اپنی رولنگ میں کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک آئین کی رو کے منافی ہے۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر قانون فواد چوہدری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 7 مارچ کو ایک میٹنگ ہوتی ہے اور اس کے ایک روز بعد 8 مارچ کو وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جاتی ہے جب کہ ہمارے سفیر کو 7 مارچ کو ایک میٹنگ میں طلب کیا جاتا ہے ، اس میں دوسرے ممالک کے حکام بھی بیٹھتے ہیں ، اس میں ہمار ے سفیر کو بتایا جاتا ہے کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جاری ہے ، اس وقت تک پاکستان میں بھی کسی کو پتہ نہیں تھا کہ تحریک عدم اعتماد آ رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے سفیر کو بتایا جاتا ہے کہ پاکستان سے ہمارے تعلقات کا دارومدار اس عدم اعتماد کی کامیابی پر ہے ، اگر تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوتی ہے تو آپ کو معاف کر دیا جائے گا لیکن اگر اعتماد کامیاب نہیں ہوتی تو آپ کا اگلا راستہ بہت سخت ہو گا ، یہ غیر ملکی حکومت کی جانب سے حکومت کی تبدیلی کی بہت ہی متاثر کوشش ہے، بدقسمتی سے اس کے ساتھ ہی اتحادیوں اور ہمارے 22 لوگوں کا ضمیر جاگ جاتا ہے اور معاملات یہاں تک آ پہنچتے ہیں۔

Advertisement
Back to top button