نیا اضافہ

شہادت ہے مطلوب و مقصود مومن۔۔۔۔ نہ مالِ غنیمت نہ کشور کشائی..

شیر ولی خان اسیر

 

سہراب امان ولد امان تراب ساکن پریماڑی، پرکوسپ، ضلع اپر چترال بلوچستان میں اپنے ملک کے دفاع میں فرض ادا کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ ان کے ساتھ نو دوسرے جوانوں نے بھی وطن عزیز پر اپنی جانیں قربان کیں۔ اللہ پاک ہمارے شہیدوں کے درجات بلند فرمائے!

سہراب امان سرنگ کی اولاد میں پہلے شہید ہونے کا اعزاز پایا ہے۔ پاک فوج میں شمولیت کا مقصد ہی ملک و قوم کے دفاع میں رتبہ شہادت پانا یا غازی بن کر دنیا میں زندہ رہنا ہوتا ہے۔ شہادت کا مقام بہت کم خوش قسمت جانبازوں کے حصے میں آتا ہے۔ ہم جیسے گنہگاروں کو اس کا احساس پوری طرح نہیں ہوتا کیونکہ ہم اپنے عزیز کی جسمانی جدائی کو برداشت نہیں کر سکتے۔ ایک ماں اور باپ کے لیے ان کے لخت جگر کا اچانک بچھڑ جانا شدید دکھ درد کا باعث ہوتا ہے۔ اس کا اندازہ ہر صاحب اولاد کر سکتا ہے۔ ایک جوان بیوی کے لیے اس کے شریک حیات کی زندگی ایک مضبوط سہارا ہوتی ہے جس کا یوں ٹوٹ جانا ناقابل برداشت صدمہ ہوتا ہے۔ اسی طرح اولاد کے لیے باپ کا سایہ وہ ٹھنڈی چھاؤں ہے جو دنیا میں اور کہیں نہیں ملتا۔ ان سب غمزدوں کے لیے ایک خوشخبری باعث اطمینان ہوتی ہے کہ شہید کا درجہ اللہ پاک نے پہلے ہی سے معئین کیا ہوا ہے کہ شہید مرتا نہیں۔ وہ ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔

قیامت کے دن وہ اپنے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صف میں کھڑا ہوگا اور والدین کے لیے باعث شفاعت بنے گا۔
شہید کے ورثاء غم اور خوشی کے مشکل حالات سے دوچار ہوتے ہیں جو ایک مشکل مرحلہ ہے زندگی میں۔ ماتم کریں تو ناشکری ہوگی اگر نہ کریں تو دل کی ناقابل برداشت جلن آہ و گریہ پر مجبور کرتی ہے۔ ہم ان کے لیے یہ دعا ہی کر سکتے ہیں اللہ پاک ان کے والدین، بیوی بچوں اور عزیزوں کو صبر جمیل عطاء فرمائے اور شہادت کے عظیم رتبے کا شکر ادا کرنے کی توفیق سے سرفراز کرے!
سہراب امان نے ہمارے وطن عزیز کے لیے جان کی قربانی دے کر ہمارے سروں کو فخر سے بلند کیا۔ میرے آبائی گاؤں پرکوسپ میں ان کی آخری آرام گاہ گاؤں اور سرنگ کی اولاد کے لیے باعث فخر و انبساط رہے گی۔
سہراب امان سرنگ اول کے پڑ پڑ پوتے اتالیق محمد تراب کی اولاد سے ہیں۔ ان کے اور ان کے جد امجد کے درمیاں بارہ پشتوں کا فاصلہ ہے جو کم بیش چار سو سال بنتا ہے۔ سہراب امان ولد امان تراب ریٹائرڈ صوبیدار حسن تراب کا بھتیجا اور آٹھ پشتوں کے دوری پر میرا پوتا لگتے ہیں۔ اللہ پاک اس کے درجات بلند فرمائے اور ہمیں اللہ کے شاکر بندے ہونے کی ہدایت دے، آمین!

Advertisement
Back to top button