خبریں

چیئرمین ایکشن کمیٹی انسداد منشیات چترال الحاج محمد عمر قریشی کا پریس کانفرنس۔

چترال(بشیرحسین آزاد) چیئر مین ایکشن کمیٹی انسداد منشیات ضلع چترال الحاج محمد عمر قریشی نے بدھ کے روز چترال پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات کے استعمال کا نا سور نوجوانوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور منشیات کے استعمال کے منفی اثرات نے معاشرہ کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے جس کا نتیجہ خودکشیوں کی صورت میں نکلتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ محرم الحرام کے مقدس ماہ میں ہم نے اس لعنت کے خلاف جہاد کا آعاز کردیا ہے تاکہ آئندہ نسل کو خرابی وتباہی سے بچایا جاسکے ورنہ موت کے سوداگروں نے چند کوڑیوں کے خاطر قوم کے نونہالوں کو نشے کی لت میں مبتلا کرکے انہیں زندہ لاش بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے ہیں۔ مولانا قریشی نے سول سوسائٹی کو خبر دار کرتے ہوئے کہاکہ اگر اس برائی کے خلاف اب موثر قدم اٹھانے اور موت کے سوداگروں کی سرکوبی نہیں کی گئی تو وقت ہاتھ سے نکل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کی زندگی سے سبق لے کر ہم نے عملی طور پر منشیات کے خلاف جہاد کے لئے ایکشن کمیٹی انسداد منشیات کے نام سے ملک گیر تنظیم بنا کرکام کا آعاز چترال سے کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا کام حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر لوگوں خصوصاً نوجوانوں میں منشیات کے استعمال کے منفی اثرات کے حوالے سے آگہی پیدا کرنے اور منشیات فروشوں کی نشاندہی کرنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیاکہ ہم بہت جلد ہی اس میدان میں قوم کی بھر پور تعاون سے کامیابی حاصل کریں گے۔ مولانا قریشی نے ابتدائی طور پر منشیات کے خلاف آگہی کے لئے چترال میں سمینار منعقد کرکے ضلعی دفتر کی افتتاح کا اعلان کیا۔انہوں نے لوگوں سے اس توقع کا اظہار کیا کہ لوگ اپنی آنے والی نسلوں کی مستقبل کی بقاء کی خاطر ہمارا ساتھ دیں گے۔کیونکہ ہمارا مشن سیاست اور دیگر اختلافات سے بالا تر ہوکر انسانیت کو بچانے کے لئے مل کر کام کرنا ہے۔

Advertisement

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button