خبریں

حضرت عمر فاروق نے قرآن و سنت کی روشنی میں جس طرز حکمرانی کی بنیاد رکھی وہ رہتی دنیا تک انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔ محمود خان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ امیرالمومنین حضرت عمر فاروق ؓ نے قرآن و سنت کی روشنی میں جس طرز حکمرانی کی بنیاد رکھی وہ رہتی دنیا تک انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے، آپؓ نے حکمت و بصیرت اور عظیم فتوحات کے ذریعے لاکھوں مربع میل خطہ ارضی کو اسلامی سلطنت میں شامل کیا جو بلاشبہ تاریخ اسلام کا ایک عظیم کارنامہ ہے۔ آپ ؓ کے زرین اصولوں کی پیروی کرتے ہوئے آج بھی ایک متوازن معاشرے اور فلاحی ریاست کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔ 

خلیفہ ثانی حضرت عمر فاروق ؓ کے یوم شہادت (یکم محرم الحرام)کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ حضرت عمر فاروق ؓ محض ایک ہستی کا نام نہیں بلکہ اسلام کا ایک عہد ذریں ہے جو عدل و انصاف ، فتوحات اور غلبہ اسلام سے عبارت ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خلیفہ راشد حضرت عمر فاروق ؓ کا کردار و عمل ہم سب کے لئے فلاح و کامیابی کا ذریعہ ہے ۔آپؓ نے ایک متوازن معاشرے کے قیام کیلئے عام اور خاص کے فرق کو مٹایااور مساوات کو فروغ دیا۔ان کا دور عدل و انصاف کی وجہ سے ایک مثالی دور تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر ہم پاکستان کو ایک کامیاب فلاحی ریاست دیکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں بھی انہی اصولوں پر حکمرانی کا نظام قائم کرنا ہوگا، قومی مفادات کو ذاتی مفادا ت پر ترجیح دینا ہوگی۔ ظلم ، ناانصافی، کرپشن اور لوٹ مار کیخلاف ڈٹ جانا ہوگا۔ محمود خان نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت انہی نظریات کو سامنے رکھتے ہوئے پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے گامزن ہے ۔ ایک ایسی ریاست جس میں خواص و عوام سب قانون کے سامنے جوابدہ ہو اور میرٹ کی بالادستی ہو، کیونکہ کسی بھی ملک کی خوشحالی کا دارومدار اس کے حکمرانی کے مجموعی نظام پر منحصر ہوتا ہے۔ موجودہ حکومت قومی ترقی و خوشحالی کے لئے خلوص نیت کیساتھ درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ہم بہت جلد ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہونگے۔  

Advertisement

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button