خبریںسیاستگلگت بلتستان

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس۔

 

گلگت (کرن قاسم )وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کے زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 9واں اجلاس منعقد ہوا۔

کابینہ اجلاس میں گلگت میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے نالج ویلج کے قیام کیلئے محکمہ تعلیم اور ایس سی او کے مابین 5 سالہ معاہدے کی منظوری دی گئی جس کے تحت محکمہ تعلیم لیز پر ایس سی او کو زمین فراہم کرے گی۔ اجلاس میں محکمہ اینٹی کرپشن کے ملازمین کو اینٹی کرپشن الاؤنس کی فراہمی کیلئے پیش کی جانے والی سمری کو فنانس کمیٹی تفصیلی جائزہ لے کر اپنی سفارشات آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کرے گی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو الاؤنسز اور دیگر مراعات کے حوالے سے صرف محکمہ خزانہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مجاذ ہے اس کے علاوہ دیگر محکمے کسی قسم کے مراعات اور تنخواہوں میں اضافے کے حوا لے سے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا اختیار نہیں رکھتے لہٰذا آئندہ صرف محکمہ خزانہ کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کریں۔ اجلاس میں اے جی آفس کے ملازمین کو جوڈیشل الاؤنس کی ادائیگی کی منظوری دی گئی۔ قراقرم یونیورسٹی غذر کیمپس کیلئے محکمہ تعلیم کے 28کنال زمین کی فراہمی پر فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت کی پالیسی کے مطابق وفاقی اداروں کو زمین کی فراہمی معاوضوں کی ادائیگی سے مشروط کی گئی ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے قراقرم یونیورسٹی اور ہائیر ایجوکیشن سے بات کی جائے۔ کابینہ اجلاس میں ٹوریزم انشورنس کارڈ اور ڈیٹا ڈیجٹیلائزیشن کے حوالے سے کنسپٹ پیپر کو پیش کیا گیا جس پر صوبائی کابینہ نے اس کنسپٹ پیپر کو محکمہ پولیس، محکمہ سیاحت اور محکمہ ماحولیات کی مشاورت سے از سر نو جائزہ لے کر آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ کابینہ اجلاس میں گلگت بلتستان میں سرکاری ریسٹ ہاؤسز کو پرائیوٹائز کرنے کے حوالے سے تفصیلات پیش کی گئیں جس پر صوبائی کابینہ نے تمام ریسٹ ہاؤسز کی کنسلٹنسی کرانے اور تفصیلی سفارشات کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کے زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں محرم الحرام کے دوران جلوسو ں اور مجالس کے سیکورٹی کیلئے سول آرمڈ فورسز کی خدمات لینے کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں گلگت بلتستان ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی انڈومنٹ فنڈ کو ایک ارب کرنے کی منظوری دیتے ہوئے ڈیزاسٹرمینجمنٹ کو انڈومنٹ ایکٹ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان پورٹی ایلیویشن فنڈ (PPAF) کی گلگت بلتستان میں کام کرنے کے حوالے سے MoUکی بھی منظوری دی گئی۔ صوبائی کابینہ کے ا جلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان میں سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے تھری سٹار اور فور سٹار رومز کی دستیاب یقینی بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا انڈومنٹ فنڈ ایک ارب کردیا گیا ہے تاکہ اس انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے مختلف قدرتی آفات میں بروقت ریلیف کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے صوبائی سیکریٹری سیاحت کو ہدایت کی کہ آئندہ کابینہ اجلاس میں صوبے میں موجود تمام قدرتی جھیلوں کے حوالے سے تفصیلات پیش کریں تاکہ ان قدرتی جھیلوں کی صفائی اور بہتری کیلئے اقدامات کئے جاسکے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے حالیہ سیلاب اور بارشوں میں انتظامیہ، گلگت بلتستان ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی سمیت دیگر ریلیف اور بحالی میں کام کرنے والے تمام اداروں کے کردار کو سراہا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہاکہ حکومت میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنارہی ہے۔ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر گلگت کے جن علاقوں میں کورونا وائرس کے زیادہ کیسز ہیں وہاں سمارٹ لاک ڈاؤن کریں۔ بلتستان کے ہسپتالوں پر خصوصی توجہ دیں۔ آکسیجن کی دستیابی اور کورونا مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور سیکریٹری پلاننگ کو ہدایت کی کہ عطاء آباد،بابوسر اور خنجراب کی ماسٹر پلان کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کریں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے صوبائی سیکرٹری داخلہ اور صوبائی سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ کورونا ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کریں۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے پولیس شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان اور پورے ملک میں امن وا مان یقینی بنانے اور شرپسندوں سے لڑتے ہوئے پولیس کے آفیسران اور جوانوں نے جو قربانیاں پیش کی ہے انہیں پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ پولیس فورس کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پولیس کے آفیسران اور جوانوں نے ملک میں امن واستحکام کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے اور ا پنے فرائض کی انجام دہی کے دوران لازوال قربانیاں دی ہیں جس پر پولیس کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ڈی ایس پی ٹریفک بابر خان مرحوم اور نمبردار اے ڈی (ر) انور کے ایصال ثواب کیلئے بھی فاتحہ خوانی کی گئی۔

Advertisement

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button