سماجیکرکٹکورونا وائرس

بوم بوم آفریدی نے پانچ سو خاندانوں میں امدادی سامان تقسیم کئے

چترال (محکم الدین ) پاکستان کے معروف سابق کرکٹر شاہد افریدی نےکروناوائرس کی وجہ سے متاثر ہونے والے چترال کے پانچ سو خاندانوں میں خوراک کےامدادی پیکیج تقسیم کئے ۔ اس سلسلے میں جمعرات کے روز گورنمنٹ سنٹینیل ماڈل ہائی سکول گراونڈ چترال میں ایک پر وقار تقریب ہوئی ۔ جس میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض محسود، ڈپٹی کمشنر لوئر چترال نوید احمد، ڈی سی اپر چترال شاہ سعود، کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل علی ظفر ،ڈی پی او چترال وسیم ریاض سیاسی قائدین اور پانچ سو متاثرین سمیت تقریبا ایک ہزار افراد نے اس تقریب میں شرکت کی ۔ شاہد افریدی نے اس موقع پر خطاب کرتےہوئےکہا ۔ کہ وہ گذشتہ کئی سالوں سے چترال آنے کا پروگرام بناتے رہے۔ لیکن انہیں آج خوراک کے ایک جامع پیکیج کے ساتھ چترال کے لوگوں کی خدمت میں حاضر ہونے کا موقع ملا ۔ یہ ان کی خوش قسمتی ہے۔ انہوں نے کہا۔کہ چترال قدرتی نظاروں اور قدیم کلچر کی سر زمین اور بھائی چارہ و امن و آشتی کا گہوارہ ہے ۔ جبکہ یہاں کے لوگوں میں بے پناہ محبت و احترام اور نوجوانوں میں صلاحیتوں کے خزانے ہیں ۔ لیکن افسوس ہے ۔ کہ چترال کے نوجوان صرف پولو کے ساتھ چمٹٹے ہوئےہیں ۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ چترال کےنوجوانوں کو سپورٹس میں مواقع فراہم کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں اعلانات پر نہیں عملی کام پر یقین رکھتا ہوں ۔ انہوں نےلوگوں سے اپیل کی ۔ کہ کرونا وائرس سے ہوشیار رہیں ۔ اور اس سے بچنے کے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں ۔ اس موقع پر کمشنر ملاکنڈ ریاض محسود نے اپنے خطاب میں کہا ۔ کہ ہمارے پاس کرونا کے حوالے سے دو مثالیں موجود ہیں ۔ ایک چائنا جس نے اپنی احتیاطی حکمت عملی کے تحت کرونا پر قابو پانے میں کامیاب ہوا ۔ اور دوسری مثال یورپ اور امریکہ کی ہے ۔ جنہوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں غفلت کا مظاہرہ کیا ۔ اور مشکلات میں گھیر چکے ہیں ۔ انہوں نے حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ۔ اور کہا ۔ کہ وفاقی اور صوبائی حکومت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ، احساس ہروگرام اور دیگر امدادی پیکج کے ذریعے متاثرہ لوگوں کی ہرممکن مدد کر رہی ہے۔ انہوں نے شاہد افریدی کی طرف سے امدادی پیکیج لوگوں میں تقسیم کرنے کے اقدام کی تعریف کی اور کہا ۔ کہ یہ دوسرے مخیر لوگوں کیلئے ایک ترغیب ہے ۔ کہ وہ بھی آگے آئیں ۔ اور مشکلات میں گھیرے ہوئے لوگو ں کی مدد کریں ۔ کمشنر نے کہا ۔ کہ یہ اس علاقے کی خوش قسمتی ہے ۔ کہ اب تک چترال میں کرونا وائرس کا ایک کیس بھی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ شاہد افریدی کا چترال سے محبت واضح ہے ۔ کہ وہ کراچی سے چترال کے لوگوں کی مدد کیلئے پہنچے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لوئر چترال نوید احمد نے کہا ۔ کہ ہم نے نیچے سے آنے والے تمام لوگوں کو قرنطینہ میں رکھا ہوا ہے ۔ کسی کو بھی قرنطینہ کے بغیر گھروں کو جانے کی اجازت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ تمام ہوٹلوں ، گیسٹ ہاوسز نے ہمارے ساتھ بھر پور تعاون کیا ۔ ہمیں اس بات کا بخوبی احساس ہے ۔ کہ لاک ڈاون کی وجہ سے لوگوں کا بہت نقصان ہو رہا ہے ۔ چترال کے لوگ یقینا مشکل سے دوچار ہیں ۔ لیکن اس قربانی کا ایک فائدہ یہ ہے ۔ کہ چترال اپر اور لوئر اب تک ہولیو فری اضلاع ہیں۔ شاہد افریدی نے اس موقع پر کئی متاثرین میں خوراک کے پیکیج تقسیم کئے ۔ تقریب کے موقع پر گراونڈ لوگوں سے کھچا کھچ بھرا ہو ا تھا ۔ اور تل دھرنے کو جگہ نہیں تھی ۔ تقسیم پیکیج کے اختتام پر امدادی اشیاء پر ہلہ بول دیا گیا۔ اس وقت سماجی فاصلے کے ہدایات عنقا ہو گئیں۔ اور کئی لوگ آپس میں الجھ پڑے

Advertisement

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button